بلرام پور:28/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو دعویٰ کیاہے کہ ملک میں راج بھون سے لے کر وزیر اعظم کے دفتر تک تمام اہم دفاتر کا بھگوا کرن ہو گیا ہے۔ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی)سپریمو نے ’’بی جے پی بھارت چھوڑو‘‘کانعرہ دیااور دعوی کیا کہ بی جے پی کے بغیر ملک بہتر ہوگا۔انہوں نے ایک عوامی اجلاس میں کہا کہ راج بھون سے وزیر اعظم کے دفتر سے، بی جے پی نے اپنے اہم دفتروں میں اپناسائن بورڈٹانگ دیاہے۔اگلے لوک سبھا انتخابات میں ترنمول کے ایک اہم کردار اداکرنے پر زور دیتے ہوئے ممتا نے کہا کہ بہت سی اپوزیشن پارٹیوں نے جنوری میں ہماری پارٹی کے سپریم ریلی میں شامل ہونے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو، ہاردک پٹیل، تیجسوی یادو، اکھلیش یادو، ایم کے اسٹالن، فاروق عبداللہ اور اروند کجریوال نے کولکاتا کے بریگیڈ پریڈ گراؤنڈ میں جنوری میں منعقد ہونے والی ریلی میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔وزیر اعلی نے پڑوسی ریاستوں میں بی جے پی کے خلاف اپنے امیدوار کھڑے کرکے اپنے جانب سے ایک نیا مورچہ کھولنے کا بھی اعلان کیا۔انہونے کہا کہ ترنمول نے بی جے پی کی حکومت والے آسام اور جھارکھنڈ میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔